161

جموں و کشمیر بینک کی طرف سے 250آکسیجن کنسنٹریٹروں کی پیشکش

سرینگر//جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں سب سے بڑا مالی ادارہ ہونے کے ناطے موجودہ کوویڈ حالات میں اپنی سماجی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے جموں و کشمیر بینک نے سرکاری انتظامیہ کو 250 آکسیجن کونسنٹریٹر دینے کی پیشکش کی ہے۔ بینک چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے کہا کہ ہم موجودہ کورونا وائرس کے مشکل حالات میں اپنے لوگوں کے ساتھ جذباتی طور جڑے ہوئے ہیں اور اپنی طور جو کچھ بھی ممکن ہے ،ہم اپنے لوگوں کیلئے پیشکش رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آکسیجن مشینوں کے علاوہ ہم جموں و کشمیر کے کوویڈ مریضوں اور تیمار داروں کیلئے کھانا، پانی، ماسکس اور سینی ٹائرزر بھی مختلف جگہوں پر بانٹ رہے ہیں۔ موجودہ حالات میںبینک سٹاف کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران انہوں نے اپنی تنخواہ سے پانچ کروڑ روپے جمع کئے جو لیفٹیننٹ گورنر کے جے اینڈ کے ریلیف فنڈ کو بطور عطیہ دئے گئے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سرکار کی طرف سے جاری ضروری ہدایات پر عمل کریں اور زیادہ سے زیادہ ڈجیٹل بینکنگ کا ستعمال کریں تاکہ اپنے گھروں سے کم سے کم نکلا جائے۔بینک چیئرمین نے جموں و کشمیر کے اپنے تمام زونل ہیڈس کی ایک آن لائن میٹنگ بھی طلب کی جس میںانہیں یہ ہدایات دی گئیں کہ تما م بڑے سرکاری اسپتالوں کے آس پاس امدادی کیمپ لگائے جائیں۔دریں اثناء بینک نے آج گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں اور میڈیکل کالج سرینگر اور صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں ماسکس، پانی کی بوتلیں اور کھانا تقسیم کیا۔ زونل ہیڈ جموں سینٹرل وَن شریش شرما اور زونل ہیڈ کشمیر سینٹرل وَن سید شفاعت حسین رفائی کی قیادت میں دو ٹیموں نے راحت کاری کیپموں کا اہتمام کیا اور آئندہ دنوں میں ایسے ہی کیمپ دیگر زونوں میں منعقد کئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں