45

حج ہاﺅس سری نگر آکسیجن سے لیس100 بستروں والے کووڈ کیئر سینٹر میں تبدیل

کورونامتاثر مریضوں کوداخل کرنے کاعمل شروع
مزید جگہوں پر بھی ایسا ہی انتظام کیا جائے گا:ڈپٹی کمشنرسری نگر ڈاکٹر اعجاز اسد
سری نگر:۸، مئی:یواین آئی :جموں و کشمیر حکومت نے سری نگر میں واقع حج ہاﺅس کو آکسیجن سے لیس 100 بستروں والے کووڈ کیئر سینٹر میں تبدیل کر دیا ہے۔عارضی طور پر کووڈ کیئر سینٹر میں تبدیل کئے جانے والے حج ہاﺅس میں کووڈ سے متاثر مریض بھرتی ہونا بھی شروع ہو گئے ہیں۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد نے ہفتے کو حج ہاﺅس کووڈ سینٹر کا دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر سری نگر سمیت پورے جموں و کشمیر میں بیڈوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان کی ہدایت پر ہی کووڈ کیئر سینٹروں میں آکسیجن سے لیس بیڈوں کا انتظام کیا جا رہا
ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ حج ہاﺅس میں ہم نے آکسیجن سے لیس 100 بیڈوں کا انتظام کیا ہے۔ یہاں مریض بھی بھرتی کئے جا رہے ہیں۔ مزید جگہوں پر بھی ایسا ہی انتظام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آکسیجن کنسنٹریٹرس اور سلنڈر حکومت فراہم کر رہی ہے۔اس کووڈ کیئر سینٹر میں تعینات ایک ڈاکٹر نے بتایاکہ یہ کووڈ کیئر سینٹر ان مریضوں کے لئے ہیں جن کی حالت زیادہ تشویشناک نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ یہاں اب تک 18 مریضوں کو بھرتی کیا گیا ہے جن میں سے 12 کو چھٹی مل چکی ہے یا دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کئے گئے ہیں۔ یہاں پر 171 بیڈ موجود ہیں۔ 100 بیڈ ایسے ہیں جو آکسیجن سے لیس ہیں۔ایک تیماردار نے بتایا کہ ہم یہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے بہت مطمئن ہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ یہاں مریضوں کو اچھے سے آکسیجن دی جا رہی ہے۔ جن مریضوں کو آکسیجن کنسنٹریٹر کی ضرور ہے انہیں وہ فراہم کیا جاتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے جس کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ مختلف النوع اقدام کر رہی ہے۔یونین ٹریٹری کے چار اضلاع میں مکمل جبکہ باقی اضلاع میں جزوی لاک ڈاو¿ن ان ہی اقدام کی ایک کڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں